لاہور،اسلام آباد،سکھر،جیکب آباد(وقائع نگار، خبر نگار خصوصی ،بیورورپورٹ،نامہ نگار)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ملکی ترقی اور استحکام حکومت کی اولین تر جیح ہے جس کیلئے تمام ادارے متحد ہو کر کام کررہے ہیں، پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کر نے کی کوشش کر نیوالے عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔گزشتہ روزصدرمملکت عارف علوی 2 روزہ دورے پرلاہورپہنچ گئے ،گورنرہائوس آمدپرگورنرپنجاب نے استقبال کیا۔صدرمملکت سے گورنرہائوس میں گورنرپنجاب چودھری محمدسرورنے ملاقات کی اورحکومتی اورسیاسی معاملات اورجامعات کے ایشوزپرتبادلہ خیال کیا۔ صدرمملکت کو گورنرپنجاب نے بلوچستان،گلگت بلتستان اور فاٹا کے طلباء کے لئے سکالر شپ شروع کر نے اوریونیورسٹیز کو سولرپر منتقل کر نے اور دیگر اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔اس موقع پر صدرمملکت نے گورنرپنجاب سے گفتگو میں کہا کہ معاشی میدان میں بھی پاکستان تمام تر چیلنجز کے باوجود کامیابی کیساتھ آگے بڑھ رہا اور عالمی ادارے بھی پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کررہے ہیں۔صدرمملکت اور گور نر پنجاب آج بروز منگل کوگور نر ہاؤس میں کورونا ہیروز وال اور قرآن گارڈن کا افتتاح کریں گے ۔ادھر قبل ازیں صدرمملکت عارف علوی نے اپنی اہلیہ ثمینہ علوی کے ہمراہ سکھر اورجیکب آبادکادورہ کیا۔ اس موقع پرصدرمملکت نے پارٹی کارکنوں سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو عوام کی مہنگائی کے حوالے سے بہت فکر ہے ، جلد حکومت مہنگائی پر قابو پالے گی ۔ قبل ازیں صدرمملکت کاسکھرایئرپورٹ پہنچنے پرگورنرسندھ عمران اسماعیل اورپی ٹی آئی عہدیداروں نے استقبال کیا۔ دریں اثناصدرمملکت نے جیکب آبادکامختصردورہ کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی اہلیہ کے ہمراہ جیکب آباد پہنچے اور المحمد ہائوس میں وفاقی وزیر محمد میاں سومرو اور ملیحہ سومرو سے والدہ بیگم سعیدہ سومرو کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت کیلئے دعاکی۔ ادھر مولا بخش سومرو نے رابطے پر بتایا کہ صدرمملکت سے حکومتی اتحادی جماعتوں کے رہنمائوں سردار عبدالرزاق کھوسو ،سردار طارق جاوید لہر ،انور خان رند اور دیگر نے ملاقات کی اور محکموں میں کرپشن،تجاوزات،ترقیاتی کام نہ ہونے کی شکایات کیں۔اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ مسائل کا علم ہے اور حل کئے جائیں گے ،عنقریب تبدیلی نظر آئے گی ترقیاتی کام جلد شروع ہونگے ۔