اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے کاروباری طبقے کو بجلی اور گیس کے شعبے میں سبسڈی فراہم کرنے اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ پاکستان میں بھی اپنے عوام کو پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ فیصلہ ہفتے کے روز یہاں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک کے معاشی صورتحال کے جائزے کیلئے ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق وزیراعظم سے اقتصادی ٹیم نے ملاقات کی اور پاکستان کا نیااقتصادی روڈمیپ پیش کردیا۔100ارب روپے کا نیازرعی ترقیاتی پیکیج منظوری کیلئے پیش کیاگیا۔وزیراعظم سے ان کی معاشی ٹیم کی ملاقات تین گھنٹے جاری رہی۔سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے نئی سہولتوں کا پلان وزیراعظم کو پیش کیاگیا۔ اجلاس کے بعد مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے اپنے ایک ویڈیوبیان میں اجلاس کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا اجلاس میں معیشت کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے اور خصوصی طور پر تمام اہم وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ تمام بڑے منصوبوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے تاکہ ان کو مکمل کرکے ان کے فوائد لوگوں تک پہنچائے جائیں۔ڈاکٹر حفیظ شیخ نے کہا حکومتی اقدامات کے چند اچھے اثرات آنے والے دنوں میں سامنے آئیں گے ۔ انہوں نے کہا پچھلے ہفتے سٹاک مارکیٹ میں 9فیصداضافہ ہوا اور پاکستان کی برآمدات میں بہت عرصے کے بعد اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا جولائی کے اعدادوشمار پہلے کے اعدادوشمار کے مقابلے میں بہت بہتر ہیں، کرنٹ اکائونٹ خسارہ میں بہت واضح کمی آئی۔ انہوں نے کہا یہ تمام چیزیں ہمیں اس بات کیلئے مجبور کر رہی ہیں کہ ان کا فائدہ عوام تک پہنچانے میں تیز رفتاری لائی جائے ۔انہوں نے کہا پاکستان آگے بڑھ رہا ہے ، پوری اکانومی کیلئے ایک روڈمیپ تیار کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ حکومت کی اقتصادی ٹیم وزیراعظم کی سربراہی میں ہر ہفتے اس روڈمیپ کا جائزہ لے گی اور جو بھی فیصلے ہوں، وہ اس کے سامنے پیش کئے جائیں گے تاکہ تیزرفتاری سے فیصلہ سازی ہو سکے ۔ انہوں نے کہا تاجر طبقے کیلئے حکومت سوچ رہی ہے کہ اسے بجلی اور گیس کے شعبے میں سبسڈی فراہم کی جائے ، حکومت یہ بھی چاہ رہی ہے کہ انہیں قرض لینے میں آسانی ہو اور ان پر ریونیو جمع کرنے کا بوجھ نہ بڑھے ، ان تمام چیزوں پر ان کے ساتھ مشاورت کے بعد طے کرنے کا فیصلہ کیا گیا، حکومت نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ اگر عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں گریں تو اس کا فائدہ پاکستان میں بھی عوام کو ملے ، ہم پرامید ہیں کہ آنے والے مہینے میں ایسی چیز ہوتی نظر آرہی ہے ۔علاوہ ازیں ایک اور اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا تحقیقی ،ترقیاتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے صنعتوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے سکالرشپ کے ذریعے مستحق ،قابل طلباکوتعلیم مکمل کرنے کے قابل بنایا جائے ۔ وزیراعظم نے بڑی یونیورسیٹیزکوایلیٹ سٹیٹس دینے کی تجویز منظور کرلی۔وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے وزیراعظم کو سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم کو فروغ دینے ، تحقیقی و ترقیاتی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور مختلف حکومتی تنظیموں اور صنعتوں کے مابین موثر روابط قائم کرنے کے حوالے سے بریف کیا۔انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے ایچ ای سی کی 15بڑی یونیورسیٹیزکوایلیٹ سٹیٹس دینے کی سفارش کی ۔ پروفیسر ڈاکٹر عطائالرحمان نے بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق ٹاسک فورس نے جامع نالج اکانومی پالیسی دستاویز تیار کی ہے ۔وزیر اعظم نے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور چیئرمین ایچ ای سی کی طرف سے پیش کردہ ایک تجویز کو بھی منظوری دی جو مقررہ عمل کے بعد ملک کی ٹاپ 15 یونیورسٹیوں کا انتخاب کرے اور انہیں ایلیٹ یونیورسٹی کا درجہ فراہم کرے ۔انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ یونیورسٹیوں کو اپنی تحقیقی مصنوعات کی بنیاد پر تجارتی منصوبوں کی اجازت دینے کی تجویز پر بھی غور کیا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا ملک میں سکالرشپ سکیموں کو احساس پروگرام کے ساتھ منسلک ہونا چاہئے ۔وزیر اعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ صنعتوں کو تحقیق اور ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں زیادہ سے زیادہ کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جائے ۔