لاہور (خاور مغل) ریسکیو1122 کے چار افسروں کا کنٹریکٹ ختم ہونے پر انہیں توسیع نہ ملی ،نو ہزار سے زائد کنٹریکٹ ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، ریسکیو 1122 نے چار افسران کا کنٹریکٹ ایکسپائر کر دیا، نوٹیفیکیشن کی کاپیاں روزنامہ 92 نیوز کو موصول ہو گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ریسکیو نے آٹھ آٹھ سال سے محکمے کیساتھ چلنے والے افسران کو نوکری سے برخاست کر دیا جن میں عبدالرئوف کنٹرول روم انچارج ڈیرہ غازی خان، سید تنویر حسین ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر لاہور، عمران نثار اسسٹنٹ آفیسر ہیڈکوارٹرز اور ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر لیاقت پور محمد عمران ساجد شامل ہیں۔ نوکری سے فارغ ہونے والے افسران نے روزنامہ 92 نیوز کو بتایا کہ محکمے نے انہیں نوکری سے برخاست کرنے کی کوئی خاص وجہ نہیں بتائی انکا محکمے میں ریکارڈ بھی کلیئر ہے ۔ دوسری جانب ترجمان ریسکیو فاروق احمد نے روزنامہ 92 نیوز کو بتایا کہ چاروں افسران کی پرفارمنس کو مد نظر رکھتے ہوئے انکا کنٹریکٹ نہیں بڑھایا گیا۔ حکومت پنجاب کی جانب سے انتیس جولائی 2019 کو سرکاری محکموں میں کنٹریکٹ ملازمین کیلئے ایک نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا جس میں تین سال سے زائد نوکری کرنے والوں کو نوکری جاری کرنے کا کہا گیا جبکہ 2013 میں بھی پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے کا کہا گیا مگر محکمے نے پنجاب حکومت کے احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے ملازمین کا معاشی قتل شروع کر دیا۔دوسری جانب بجٹ تقریر میں وزیراعلیٰ نے محکمہ ریسکیو کے سروس سٹرکچر کی بحالی کی نوید سنائی تھی مگر محکمے نے من مانی کرتے ہوئے چار ملازمین کو نوکری سے فارغ کر دیا۔