نئی دہلی( نیٹ نیوز) بھارتی اداکارہ کرینہ کپور خان کو اپنی کتاب کے نام میں ’بائبل‘ لفظ استعمال کرنے پر قانونی کارروائی کا سامنا ہے ۔کرینہ کپور نے گزشتہ ہفتے اپنی کتاب’ ’پریگننسی بائبل’‘ شائع کی تھی، جس پر بھارت کے مسیحی افراد نے اعتراض کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کردیا۔ بھارتی اخبار کے مطابق ریاست مہارا شٹر کے شہر ’’بیڑ‘‘ میں ایک مسیحی گروپ نے پولیس کو کرینہ کپور کے خلاف مسیحوں کے جذبات مجروح کرنے کے الزام میں مقدمہ دائر کرنے کی درخواست دے دی۔رپورٹ کے مطابق ایلفا اومیگا کرسچین مہا سنگھ کے صدر اشیش شندے نے بیڑ پولیس کو تحریری درخواست دیتے ہوئے اداکارہ اور کتاب کے شریک لکھاریوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کرنے کی اپیل کی ہے ۔ دوسری طرف پولیس نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کرتے ہوئے مسیحی گروپ کو تجویز دی ہے کہ وہ کرینہ کپور کے خلاف ممبئی میں جاکر مقدمہ دائر کرائیں، کیوں کہ اداکارہ نے کتاب وہیں سے شائع کرائی ہے ۔