اسلام آباد، راولپنڈی(وقائع نگار، رپورٹر92نیوز)وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہاہے کہ پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھرچکا ،پی ڈی ایم اب چوں چوں کا مربہ ہے ، آج پی ڈی ایم آپس میں دست و گریباں ہے ، پی ڈی ایم حکومت کے لیے مسئلہ نہیں ، حکومت کے لیے مہنگائی سب سے بڑا ایشو ہے ، عوام کو ریلیف کی فراہمی کے اقدامات جاری ہیں ،عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری سے نجات دلانا حکومت کا مشن ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پی ٹی آئی سیکرٹریٹ میں ایم پی اے حاجی امجد محمود ، واثق قیوم ،چوہدری محمد افضل اور دیگر کے ہمراہ پریس کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم استعفیٰ لینے آئی تھی، وزیراعظم تو آج بھی موجود ہیں، حالات و وقت نے بتایا کہ پی ڈی ایم مخلص نہیں، پی ڈی ایم کا کوئی وجود نہیں ہے ، جے یو آئی اور ن لیگ کا ٹارگٹ پیپلز پارٹی ہے ،2 پارٹیاں ایک جانب اور 2 دوسری جانب ہیں ۔غلام سرور خان نے کہاکہ چوہدری نثار علی خان کو عوام نے مینڈیٹ دیا لیکن انہوں نے حلقے کی نمائندگی نہیں کی اور حلقہ اڑھائی برس سے نمائندگی سے محروم ہے ،اگر وہ حلف نہیں لیتے تو نئے الیکشن کرانے ہونگے ۔ پنجاب میں مبینہ فارورڈ بلاک کے سوال پر وفاقی وزیر نے کہاکہ نہ فارورڈ بلاک ہے نہ ہی بنے گا ، جہانگیر ترین پی ٹی آئی میں ہیں ، پی ٹی آئی جس پوزیشن پر ہے اس میں جہانگیر ترین کا کردار ہے ،جہانگیر ترین سے دوستی ہے ، لیڈر عمران خان ہے ۔