اسلام آباد؍ ملتان (وقائع نگار؍ سپیشل رپورٹر) پٹرول کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، مہنگائی کے مارے عوام کی چیخیں نکل گئیں، آمدنی نہیں بڑھ رہی، گزارا کیسے ہوگا؟ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے 44 پیسے فی لٹر تک اضافہ کر دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جو فوری طور پر نافذالعمل ہے ۔ اعلامیے کے مطابق ہائی سپیڈڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 44 پیسے کا اضافہ کیا گیا جب کہ پٹرول کی قیمت میں 10 روپے 49 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 95 پیسے اضافہ کیا گیا۔ لائٹ ڈیزل آئل 8 روپے 84 پیسے ہوا۔ قیمت میں اضافے کے بعد ایک لٹر پٹرول 137روپے 79 پیسے کا ہو گیا ہے جبکہ ایک لٹر مٹی کا تیل 110روپے 26 پیسے کا ہو گیا۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لٹر قیمت 134 روپے 48 پیسے ہو گئی جبکہ ایک لٹر لائٹ ڈیزل آئل 108 روپے 35پیسے کا ہو گیا۔ادھر ترجمان وزارت خزانہ نے ایک بار پھر مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کے زخموں پر یہ کہہ کر نمک چھڑکا ہے کہ پاکستان میں عالمی منڈی کے مقابلے میں پٹرول کی قیمتوں میں کم اضافہ ہوا۔ترجمان کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 10 سے 15 فیصد بڑھیں۔ادھر قیمتوں کے موازنے پرماہرین نے آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں حکومتیں تیل کی مصنوعات اور دیگر اشیائکی قیمتوں کا موازانہ تو دوسرے ملکوں سے کرتی ہیں مگر ان کی معیشت،کرنسی،فی کس آمدن،مجموعی قومی آمدن سمیت بہت سارے معاملات پر خاموشی اختیار کئے رکھتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس وقت عالمی منڈی میں تیل کی قیمت80ڈالر فی بیرل سے تجاوزکرچکی ہے جوکہ بہت بڑا اضافہ ہے اور اس کے اثرات یقینی طور پر دنیا بھر پر مرتب ہورہے ہیں۔وزیرخزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے کہا ہے کہ عالمی منڈی کے مقابلے میں پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کم اضافہ کیا گیا، عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے 13 فیصد اضافہ ہوا جب کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8.24 فیصد اضافہ کیا گیا۔ترجمان وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت ابھی پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسوں اور لیوی پر سمجھوتہ کررہی ہے ، پٹرول پر پٹرولیم لیوی 5.62 فیصد جبکہ سیلز ٹیکس 6.8 فیصد ہے ۔انہوں نے اعتراف کیا کہ روپے کی قدر میں گراوٹ بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ ہے ۔انہوں نے کہا حکومت نے اوگرا کی سفارشات پر قیمتیں بڑھائیں، اوگرا کی طرف سے پٹرول کی قیمت میں 5روپے اضافے کی سفارش کی خبردرست نہیں۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا کی عالمی وبا نے پوری دنیا کی معیشت کو متاثر کیا اوراسی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے ہمیں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑالیکن پھر بھی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جا ئے ، مہنگائی موجودہ حکومت کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے ۔وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کوئی حکمران نہیں چاہتا کہ ملک میں مہنگائی ہو، دنیا میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہواہے ۔وفاقی وزیرہوابازی غلام سرور نے کہاعالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے پاکستان میں بھی پٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا گیا،خام تیل پہلے 40ڈالرکاتھا،آج 85ڈالرکاہے ،پھربھی پٹرول پاکستان میں 130ملکوں سے سستاہے ،80فیصدممالک میں قیمتیں پاکستان سے زیادہ ہیں۔وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عالمی سطح پر تیل کی قیمت میں رد و بدل کے اثرات قرار دیا اور کہا پورے ملک میں 2000 سے زائد غیرقانونی پٹرول پمپس کوبند کیا گیا۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، اسلئے پاکستان سمیت تمام ترقی یافتہ ممالک اس سے متاثر ہوئے ،حکومت کی پوری کوشش ہے عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جا ئے ۔انہوں نے کہا دیگر ممالک میں پٹرول کی قیمتیں اب بھی پاکستان سے بہت زیادہ ہیں۔