لاہور(خصوصی نمائندہ)گورنر پنجاب چودھری محمدسرور نے ایف اے ٹی ایف کے پاکستانی اقدامات پر اظہار اعتماد کوپاکستان کی بڑ ی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے بھارت ایف اے ٹی ایف کے ذریعے پاکستان کیخلاف سازشیں کر رہا ہے مگر ہم ان کو ناکام بنا رہے ہیں۔ وہ گور نر ہاؤس میں تحریک انصاف کے ایم این اے ریاض فیتانہ اور حاجی رمضان کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد ودیگر سے گفتگو کررہے تھے ۔گورنر پنجاب نے کہا اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارت ہمیشہ سے پاکستان کو کمزور کر نے کی سازشیں کر رہا ہے مگرہم سفارتی اور دفاعی سمیت ہر محاذ پر بھارت کو ناکام بنا رہے ہیں۔ بھارت کی تمامتر سازشوں کے باوجود فنانشل ایکشن ٹاسک فورس پاکستان کی جانب سے منی لانڈرنگ اورٹیررفنانسنگ اور دیگر شعبوں میں اقدامات پر اعتماد کا اظہار کر رہا ہے ۔ حکومت کی کامیاب پالیسوں اور حکمت عملی کی وجہ سے پاکستان ہر شعبے میں مضبوط اور مستحکم ہو رہا ہے ۔ ملکی مفاد میں اہم امور پراپوزیشن حکومت کیساتھ ایک پیج پر آنے سے جمہوریت اور پارلیمنٹ مضبوط ہو رہی ہے ۔حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق رائے سے ملکی ترقی اور خوشحالی کی رفتار مزید تیز ہوگی ۔ معاشی لحاظ سے پاکستان کو بہت سے چیلنجز ہیں مگر مجھے یقین ہے عمران خان کی قیادت میں حکومتی معاشی ٹیم جو اقدامات کر رہی ہے ان کے ذریعے پاکستان کو معاشی اور دیگر مسائل سے مکمل نجات ملے گی۔دہشتگردی،کر پشن اورمعاشی سمیت تمام مسائل کا خاتمہ بھی ملک وقوم کیلئے لازم ہے جس پرکسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔