اسلام آباد(ملک سعیداعوان) تبدیلی سرکار ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے تگ و دو کرنے لگی، حقیقی تبدیلی کیلئے وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے ممبران کے غیر ملکی دوروں پر پابندی عائد کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ملکی مفاد میں انتہائی ضروری غیر ملکی دورے ہی کئے جائیں۔ وزرا کو حکومتی پالیسیوں اور پروگراموں پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ روزنامہ 92 نیوز کو دستیاب دستاویز کے مطابق حکومت نے وفاقی وزراء اور کابینہ کے ممبران کو ہدایت کی کہ وہ ملک میں جاری حکومتی پالیسیوں ، پروگراموں اوروفاقی حکومت کی جانب سے اٹھائے جانیوالے اقدامات پر توجہ مرکوز کریں اور ان پر کام کریں تاکہ عوام کو ملک میں حقیقی تبدیلی نظر آئے ۔ وزیراعظم نے ملکی معیشت میں بہتری پر اپنی معاشی ٹیم کو بھی سراہا۔ وزیراعظم کی جانب سے وزرا کو ہدایت کی گئی کہ انتہائی ضرورت کے تحت ہی غیر ملکی دورے کئے جائیں جو ملکی مفاد میں بہت زیادہ ضروری ہو۔ غیر ضروری غیر ملکی دورے نہ کئے جائیں تاکہ وزراء ملک میں رہتے ہوئے حکومت اقدامات اور پالیسیوں پر توجہ دے سکیں ۔ اسکے علاوہ وزراء کو ملک میں گڈ گورنس بہتر کرنے کی بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ایریاز میں گڈ گورنس بہتر بنائیں۔ کابینہ نے بھی وزراء کے غیر ملکی دوروں پر پابندی کی منظوری دی ہے ۔