لاہور(کامرس رپورٹر) پنجاب میرج ہالز ایسوسی ایشن اور میرج ہالز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت شادی ہالز فوری کھولنے کی اجازت دے ، اگر این سی او سی کے آئندہ اجلاس میں ہمیں کاروبار کرنے کی اجازت نہ دی گئی تو پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج کریں گے ۔ سرپرست اعلیٰ میرج ہالز ایسوسی ایشن میاں محمد الیاس نے کہا کہ ہم نے اپنے تمام عملے کی کورونا ویکسین لگوا لی ہے ۔حکومت 30 جون تک میرج ہالز کھولنے کی اجازت دے ، بصورت دیگر 13 جولائی کو لاہور میں بھر پور احتجاج کیا جائے گا ۔ حکومت بہانے بازی نہ کرے اور ہمیں میرج ہالز کھولنے کی اجازت دے ۔ملک عقیل سینئر نائب صدر میرج ہال ایسوسی ایشن نے کہا کہ شادی ہالز بند ہونے کے باوجود ہم 18ماہ سے پراپرٹی ٹیکس اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کو ٹیکسز ادا کر رہے ہیں۔ کورونا کیسز میں کمی کے باوجود کیوں ہمیں اجازت نہیں دی جا رہی ؟ ۔خالد ادریس بھٹی صدر پنجاب میرج ہال ایسوسی ایشن نے کہا کہ حکومت ہمیں شادی ہالز کھلونے کی اجازت دے ورنہ سڑکوں پر احتجاج کرینگے ۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل راؤ طارق اسلام، نائب صدر ملک جہانگیر،چیئرمین کیٹررز شاہد اسماعیل، صدر کیٹررز ملک اشفاق اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے ۔