اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہاہے کہ حکومت اس سوچ اور نقطہ نظر کو بدلنے کی کوشش کر رہی ہے جس میں منافع بخش کاروباری سرگرمیوں کومعیوب گردانا جاتا تھا اور اس کی حوصلہ شکنی کے لئے ٹیکسوں کا اضافی بوجھ ڈالا جاتا تھا،کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے (ایز آف ڈوئنگ بزنس) پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، سرمایہ کاری بورڈ اور کاروبار سے متعلقہ وزارتیں سرمایہ کاروں کی سہولت کاری کے لئے مسلسل کوشاں ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر محمود خان کی سربراہی میں یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا60 کی دہائی میں مثالی معاشی ترقی کا عمل 70 کی دہائی میں قومیانے کی پالیسی کی وجہ سے جمود کا شکار ہوا،کاروباری برادری موجودہ حکومت کو کاروبار دوست و موافق سوچ کا حامل پائے گی۔وزیر اعظم آفس کے مطابق منگل کو ارکان قومی اسمبلی نے بھی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقاتیں کیں ۔ملاقات کرنے والوں میں وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر،تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء ظہیر الدین بابر اعوان،وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی برائے بیرون ملک پاکستانی سید ذوالفقار عباس بخاری ،قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کشمیر کے چئیرمین سید فخر امام،وزیر قومی تحفظ خوراک صاحبزادہ محبوب سلطان شامل تھے ۔