اسلام آباد( آن لائن )ملک میں کاروں کی پیداوار اور فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے چارماہ کے دوران تقریبا 44 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔پاکستان آٹوموٹو مینوفیکچررزایسوسی ایشن کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے اکتوبرتک ملک میں 40 ہزار586 کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی، گزشتہ مالی سال کے ابتدائی چارماہ میں ملک میں 72 ہزار563 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔اسی عرصہ میں ملک میں 45 ہزار745 یونٹ کاروں کی پیداوارہوئی ، گزشتہ مالی سال کے پہلے چارماہ میں ملک میں 80 ہزار741 یونٹ کاروں کی پیداوار ریکارڈ کی گئی تھی۔اعدادوشمارکے مطابق اس عرصہ میں ہنڈا کاروں کی پیداوارمیں 71.19 فیصد اورسوزوکی سوفٹ کی پیداوارمیں 63.25 فیصد کمی دیکھنے میں آئی،ٹویوٹا کرولا کی پیداوارمیں کمی کاتناسب 60.21 فیصد رہا۔سوزوکی کلٹس کی پیداوارمیں 33.92 فیصد، سوزوکی ویگن آر کی پیداوار میں 75.97 فیصد اورسوزوکی بولان کی پیداوارمیں 72.19 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔جاری مالی سال کے دوران سوزوکی آلٹوکی 16ہزار991 یونٹ گاڑیوں کی پیداورریکارڈ کی گئی جو تمام فروخت ہوئیں جبکہ ہنڈاکاروں کی پیداوارمیں کمی کاتنساب 67.69 فیصد رہا۔