لاہور( این این آئی)پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز اینڈایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے عارف احمد کی چیف ایگزیکٹو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان تعیناتی پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ عارف احمد پاکستانی مصنوعات کی تشہیر اوربرآمدات کے فروغ کیلئے سر گرمیوں میں اسٹیک ہولڈرز سے روابط کو فروغ دیں گے ۔کارپٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین نعیم ساجد ، سینئر وائس چیئرمین اعجاز الرحمان، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف ،سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک ،سینئر ممبر ریاض احمد ، سعید خان ، اکبر ملک نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ برآمدات کے فروغ کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا اور اس میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا کردارانتہائی اہمیت کاحامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی برآمدات میں اضافے کے لئے اندرون اور بیرون ممالک عالمی نمائشوں کا انعقاد نا گزیر ہے اور اس کے لئے موثر پالیسی مرتب کی جانی چاہیے ۔ ایسوسی ایشن کے رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ اکتوبر میں منعقدہ کارپٹ کی عالمی نمائش کی تیاریوں کے لئے فنڈز کا اجراء کیا جائے ۔