کراچی (این این آئی)ایف پی سی سی آئی مرکزی قائمہ کمیٹی برائے انشورنس کے کنوینر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے مختص فنڈز میں اربوں روپے کی کرپشن کی جا رہی ہے ۔حکومت اس سرمائے کو اپنی تحویل میں لے کر کرونا وائرس کے خلاف جنگ اور غریب عوام کی فلاح کے لئے استعمال کرے ۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ان فنڈز کو حقیقی مقاصد کے بجائے ذاتی اور سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے ۔ ملک میں بہت سی ایسی کاغذی فلاحی تنظیمیں بھی موجود ہیں جنھیں یہ فنڈز ادا کئے جاتے ہیں جو خانہ پری اوراپنا حصہ رکھنے کے بعد خاموشی سے وہ رقم اسی کمپنی کو واپس کر دیتی ہیں ۔ تعلیمی سکالر شپ بھی ایسے با اثر افراد کے بچوں کو دی جاتی ہے جو کمپنیوں کو غیر قانونی فوائد دے سکیں۔ حکومت کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے قوانین کو مستحکم کرے اور کمپنیوں کوآڈٹ اور اخراجات کو رپورٹ کرنے کا پابند بنائے تاکہ بد انتظامی، بد نیتی اور کرپشن کا خاتمہ ممکن ہو یا پھرایسے سارے فنڈز اپنی تحویل میں لے کر اسے شفاف انداز میں غریب عوام کی فلاح اور کرونا وائرس کے خلاف جنگ کے لئے خرچ کرے ۔