ملتان، مظفر گڑھ (سٹاف رپورٹر خبر نگار نمائندہ 92 نیوز مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ کو گھر بھیج کے عوامی حکومت بنا کر دم لیں گے ، سلیکٹڈ کو عوام کی فکر نہیں۔ عمران خان کی سوچ کی وجہ سے ملک، جمہوریت، آئین اور وفاق خطرے میں ہے ۔ موجودہ حکومت دھاندلی کے ذریعے مسلط کی گئی۔ تحریک انصاف مزید اقتدار میں رہی تو معیشت کا بیڑہ غرق ہو جائے گا۔ کارکنوں نے حکم دیا تو حکومت کے خلاف لانگ مارچ بھی کرینگے ۔ مظفر گڑھ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ سلیکٹڈ ملک پر بوجھ بن چکا ہے ، ان کا حال بھی آمروں جیسا ہو گا، سلیکٹرز کو بتایا جائے کہ ان کے سلیکٹڈ کو عوام نے مسترد کر دیا ہے ۔ ملک میں صاف اور شفاف الیکشن کروا کر عوامی حکومت لائی جائے ۔ حکومت نے روٹی، چاول اور دال مہنگی کر دی ہے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف زرداری کو بیماری کے باوجود 5 ماہ طبی سہولیات سے محروم رکھا گیا، اب بھی ان کا پرائیویٹ میڈیکل بورڈ سے علاج نہیں کرایا جارہا فریال تالپور اور آصف زرداری کو گرفتار کر کے انہیں دبا? میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ اگلے الیکشن میں جنوبی پنجاب سمیت پورے پاکستان سے جیتیں گے ۔ علاوہ ازیں انہوں نے شہید بینظیر بھٹو فا?نڈیشن کے چیف آرگنائزر سلیم شہزاد سے بھی ملاقات کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ ہو،اس لیے آپ کوصرف سلیکٹرزکی فکر ہے ۔ مقدمہ سندھ کا ہوتاہے اور کیس راولپنڈی میں چلتاہے ۔ پیپلزپارٹی دور میں تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیاگیا، 18 ویں ترمیم میں صوبوں کوخودمختاری دی گئی۔ ہم دہشتگردوں سے لڑے اورجمہوریت لائے ۔ آصف زرداری نے پہلے بھی 11 سال جیل میں گزارے ،ہم ان کاظلم سہنے کو تیار ہیں لیکن یہ تو عوام پر ظلم کررہے ہیں۔ اس موقع پر بلاول بھٹو نے گو سلیکٹڈ گو کے نعرے بھی لگوائے ۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ وعدے کئے گئے تھے کہ نیا پاکستان بنائیں گے وہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ نیا پاکستان بن گیا؟ ہمیں نئے پاکستان کی نہیں بلکہ جناح کے پاکستان کی ضرورت ہے ۔ جلسہ سے سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، بلال احمد کھر، ملک مظہر پہوڑ نے بھی خطاب کیا۔