اسلام آباد (خبرنگار) پاکستان بار کونسل نے احتجاج اور ماڈل کورٹس کے بائیکاٹ کی کال واپس لے لی ۔اعلامیہ کے مطابق جسٹس آف پیس کے معاملے پر چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے وکلا ء کے تحفظات دور کر لیے اور یقین دلایا کہ انصاف کی فراہمی کیلئے بینچ اور بار مکمل ہم آہنگی کے ساتھ چلیں گے ۔ وکلائنے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی پر احتجاج کی کال واپس لے لی۔ ادھر پاکستان بار کونسل نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق جج شوکت عزیز صدیقی کے حوالے سے پنجاب بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کی قراردادوں کو غیر ضروری اور عدلیہ کی آزادی کے منافی قراردیدیا ۔ایگزیکٹو کمیٹی نے کہا کہ وہ عدلیہ کی آزادی کے منافی کسی تحریک کو سپورٹ نہیں کرینگے ۔