لاہور،ساہیوال (خصوصی نمائندہ، سٹاف رپورٹر ،ڈسٹرکٹ رپورٹر )صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے مختلف شہروں میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کے متعدد ارکان اور رہنماؤں کو گرفتار کر لیا ہے جن میں گوجرانوالہ سے محمد زاہد ،عرفان احمد ، لاہور سے حافظ محمد حمزہ اور حنظلہ ،راولپنڈی سے ظفر اقبال جبکہ ملتان سے محمد اعجاز کو گرفتار کیا گیا ہے ، آپریشن جاری رہے گا ۔ ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن 4 مارچ کو شروع ہوا جس میں حکومت پنجاب دیگر تمام صوبوں سے آگے رہی۔ صوبائی وزیر نے متنبہ کیا کہ اگر کوئی پرنٹنگ پریس غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،حال ہی میں اطلاعات ملیں کہ مختلف علاقوں میں بعض عناصر کالعدم تنظیموں کے لئے چندہ جمع کر رہے تھے ، سی ٹی ڈی نے ان تمام عناصر کو گرفتار کر لیا ہے ۔ جبکہ منہاج القرآن کے سینئر رہنماؤں کے وفد نے صوبائی وزیر سے ملاقات کی ۔صمصام بخاری نے کہا کہ وہ 3جون کو شہر اعتکاف آ ئیں گے ۔ صمصام بخاری نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا ،طبی سہولیات کا معائنہ کیا اور مریضوں ، لواحقین سے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا ،صوبائی وزیر نے ٹیسٹوں کا بھی جائزہ لیااور اسے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔