لاہور(کلچرل رپورٹر ) پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج آرٹ اینڈ کلچر، محکمہ اطلاعات و ثقافت، پنجاب کے زیر اہتمام یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر امریکامیں مقیم کالم نگار، مصنفہ اور فرینڈز آف کشمیر کی چیئر پرسن غزالہ حبیب خان کے ساتھ ایک خصوصی شام کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت عالمی شہرت یافتہ شاعر خالد شریف نے کی جبکہ معروف کالم نگار اور دانشور مظہر برلاس نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر نظامت کے فرائض ورلڈ کالمسٹ کلب کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد ناصر اقبال نے ادا کئے ۔ مقررین میں پاکستان مسلم لیگ (قائداعظم) پنجاب کی صوبائی جوائنٹ سیکرٹری تمکین آفتاب ملک، پاکستان آسٹریلیا فرینڈ شپ تنظیم کے سربراہ ارشد نسیم بٹ اور ڈائریکٹر جنرل پِلاک ڈاکٹر صغرا صدف شامل تھے ۔ مقررین نے امریکہ میں کشمیر کے حوالے سے خدمات سرنجام دینے پر غزالہ خان کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا اور اس جذبے کا اظہار کیا کہ پاکستان اور کشمیر کے درمیان موجود محبت کے رشتوں کو دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی ۔