لاہور، فیصل آباد (کامرس رپورٹر، سٹی رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ )پنجاب شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کاایف آئی اے کے چھاپوں پر شدید احتجاج ، کام بندکردیا۔چینی کی قلت پیداہونے کاخدشہ پیدا ہو گیا۔ پنجاب شوگرڈیلرزایسوسی ایشن نے شدیدردعمل کااظہارکرتے ہوئے کہاہے ہم اس ملک کے شریف شہری ہیں،ہمارے ساتھ دہشتگردوں جیساسلوک کیاجارہاہے ،ہمیں سمگلر ظاہر کر کے پیش کیاجارہا،ہمارا ریکارڈایف آئی اے نے سیل کردیاہے ،چھاپوں کے دوران چادراورچاردیواری کی دھجیاں اڑائی گئیں، ایف آئی اے نے جب بھی تفتیش کیلئے بلایاہم ریکارڈساتھ لیکرگئے ،ایف آئی اے اوردیگرایجنسیوں کیساتھ دوران تفتیش مکمل تعاون بھی کیا،تمام ریکارڈمہیاکیا، ہمارے بعض ڈیلروں کواغواکرکے بھی ساتھ لے گئے ہیں،ایف آئی اے اہلکار چھاپوں کا ریکارڈ ضائع کرنے کیلئے ڈی وی آرساتھ لے گئے تاکہ کسی کے ہاتھ ریکارڈنہ آئے ،ایف آئی اے کی کارروائیوں کے باعث ہم احتجاجاکام بندکررہے ہیں،رمضان المبارک میں بھی کام نہیں کرینگے ۔رمضان المبارک میں چینی نہ ملنے کی ذمہ دارحکومت ہوگی۔ہم ایف آئی اے کے چھاپوں کی پرزورمذمت کرتے ہیں،حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں ایف آئی اے کوغیرقانونی کارروائیوں سے روکاجائے کیونکہ ایف آئی اے ایساکام کررہی جوہمیں حکومت کیخلاف اکسارہی ہے ،ڈیلروں کوڈرایادھمکایاجارہاہے ،حکومت غیرقانونی کارروائیوں کاسخت نوٹس لے ۔سینئروائس چیئرمین پنجاب شوگرڈیلرزایسوسی ایشن اسلم بھلی نے 92نیوزسے گفتگوکرتے ہوئے کہا 21تاریخ کی رات فیصل آبادمیں بھی ایف آئی اے نے چھاپے مارے ، رات بارہ بجے کے قریب گھروں میں داخل ہوکر فیملیزکوہراساں کیا،وہاں سے بزنس دفاترلے گئے ،پولیس کی چارچار موبائلزان کیساتھ تھیں،وہاں جاکرجو ریکارڈ ریکورکرناتھاوہ کیاپھرہمیں اپنے آفس لے گئے اورصبح چاربجے تک لسٹیں بناتے رہے اورچاربجے کے بعدہمیں چھوڑا۔ہم باعزت شہری ہیں،اس ملک کی خدمت کرتے ہیں،معیشت میں ہمارابہت بڑاکردارہے ،ہم چینی کی سپلائی کے ذمہ دار ہیں،ہم مینوفیکچرر ہیں نہ اس کو ہولڈ کرتے ہیں، ڈیلرزکیخلاف اسطرح کی کارروائیاں انتہائی نامناسب حرکت ہے ، وزیراعظم، چیف جسٹس، آرمی چیف کونوٹس لیناچاہئے اورکوئی ایساطریقہ بناناچاہئے کہ ہم جیسے شہریوں کی عزت محفوظ ہو۔