لاہور(اپنے رپورٹر سے ) کمشنرکی زیر صدارت کامران بارہ دری کی تزئین وآرائش کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں دانش افضال، علی عباس بخاری، طارق بسرا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر صنم صدیق سمیت آرکیالوجی، ٹی ڈی سی پی، محکمہ جنگلات و دیگر افسران نے شرکت کی۔ کمشنرسیف انجم نے کہا کہ کامران بارہ دری کو مکمل تفریح گاہ بنانے کیلئے راوی دریا کے کنارے سے بارہ دری تک جیٹی کی تعمیر کو بھی منصوبہ میں شامل کیا جا رہا ہے ۔ کامران بارہ دری کے بالمقابل راوی کی بائیں طرف 40 کنال ایریا میں منی جنگل لگایا جائے گا تا کہ دریا میں زیادہ پانی آنے کی صورت میں کنارے پر درخت قائم رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ راوی کے ساتھ تجاوزات کا خاتمہ کر کے گرین ایریا قائم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ واسا نے سیوریج پانی کی دریا میں شمولیت کو روکنے کیلئے فلٹریشن پلانٹ تجویز کیا ہے ۔ کامران بارہ دری ایک پوٹینشیل ٹورسٹ سائٹ ہے جس کو مکمل طور پر بحال کیا جا رہا ہے ۔ ٹی ڈی سی پی پی ایچ اے کے ساتھ مل کرکامران بارہ دری کیلئے سمری تیار کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بارہ دری کے ساتھ راوی کے بائیں و دائیں اطراف کی صفائی ایل ڈبلیو ایم سی کی ذمہ داری ہوگی۔