لاہور(نمائندہ خصوصی سے، کامرس رپورٹر ) صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا انیسواں اجلاس وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں وزیر صنعت و تجارت و اطلاعات و ثقافت میاں اسلم اقبال، مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے مالی و ترقیاتی امور ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف محکوں کی 22سفارشات شامل کی گئیں جن میں سے بیشتر منظور کر لی گئیں۔پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ کمپنی کو ابتدائی بھرتیوں فشریز اینڈ وائلڈ لائف کو BS15کی 41بھرتیوں،محتسب آفس میں اسسٹنٹ کی بھرتی اور انفراسٹریکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو خالی نشستوں پر بھرتی کی منظوری دے دی گئی جبکہ محکمہ زکوۃ و عشر کو آئندہ اجلاس میں بھرتیوں کی معقولیت کے بعد ایجنڈہ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ محکمہ صحت مدارس اور سکولوں کے آرڈیننس2019کے تحت بورڈ آف ڈائریکٹریٹ کے قیام کے لیے فنڈز اور ایک کڑوڑ روپے سے زائد کی سپلیمنٹری گرانٹ، لاہور ہائی کورٹ کے سامان کی خریداری کے لیے 6ملین روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ،محکمہ لوکل گورنمنٹ کو نئے نظام میں منتقلی کے لیے 46ملین روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی سفارشات منظور کی گئیں۔