متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے کامیاب جوان پروگرام کے لئے 200ملین ڈالر دینے اور پاکستان کے ساتھ یوتھ ایکسچینج پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیاہے جبکہ یو اے ای کے سفیر نے پاکستانی نوجوانوں کو دبئی ایکسپو 2020ء میں شراکت دار بنانے کی پیشکش کی ہے۔ تاریخی پس منظر میں دیکھا جائے تو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی دوستی بہت پرانی ہے اور کئی دہائیوں پرمحیط ہے‘ 70ء کے عشرہ میں بھی امارات کی ایسی ہی پیشکش کے ذریعے پاکستان کومتحدہ عرب امارات میںبڑے پیمانے پر اپنی افرادی قوت بھیجنے کے مواقع میسر آئے تھے جس سے پاکستان کی ترسیلات زر میں اضافہ ہوا۔ اب پی ٹی آئی حکومت کی طرف سے شروع کئے جانے والا کامیاب نوجوان بھی ایک ایسا ہی پروگرام ہے جس کے لئے بھاری سرمائے کی ضرورت ہے۔ امارات کی طرف سے بھیجی جانے والی 20کروڑ ڈالر کی رقم اس پروگرام کی کامیابی میں بنیادی کردار ادا کرے گی جس کے نتیجہ میں پاکستانی نوجوانوں کے لئے روزگار کے وسیع امکانات کے ساتھ ساتھ انہیں اپنی دنیاآپ پیدا کرنے کے وسیع مواقع ملیں گے ‘پاکستان میں سرمایہ آنے سے یہاں سرمایہ کاری کوفروغ حاصل ہو گا اور بے روزگاری کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد مل سکے گی۔