اسلام آباد (این این آئی)رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کامیاب جوان پروگرام کے انعقاد پر عثمان ڈار کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ اس پروگرام سے لاکھوں پاکستانی نوجوانوں کی زندگی بہتر ہو گی۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں اسد عمر نے کہاکہ یہ پروگرام یہاں تک آپ کی محنت سے پہنچا ہے ، اس پروگرام سے لاکھوں پاکستانی نوجوانوں کی زندگی بہتر ہو گی۔اسد عمر نے کہا اسے حقیقت بنانے کیلئے پہلے سے بھی زیادہ محنت کرنا ہو گی۔انہوں نے کہا ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں۔اسد عمر کے ٹویٹ پر معاون خصوصی عثمان ڈار نے بھی اظہار تشکر کیا اور کہا کامیاب جوان کی تشکیل و ترتیب میں آپ کی رہنمائی ہمیشہ ساتھ رہی۔ پروگرام کو حقیقت بنانے میں آپ کا کردار سب سے اہم تھا۔ یہ پراجیکٹ آپ کی دلچسپی اور مدد سے ممکن ہوسکا۔ انہوں نے کہا اسلام آباد، میں اور پاکستان کے نوجوان آپ کے شکرگزار ہیں۔