فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جنرل بس سٹینڈ کے مقام پر بننے والے شیلٹر ہوم کو آئندہ ماہ جنوری سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، فلاحی تنظیم مدینہ فاؤنڈیشن کی جانب سے تعمیر کرائے جانیوالے شیلٹر ہوم میں تین ہزار افراد کے رہنے کا انتظام کیا گیا ہے جہاں ہر طرح کی موسمی ضروریات کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے ، جبکہ یہاں کے مکینوں کے لیے تین وقت کے کھانے کا بھی بندوبست کیا گیا ہے ، شہر کے مختلف چوراہوں شاہرات اور فٹ پاتھوں پر بسیرا کرنیوالے دیگر بے سہارا افراد کو یہاں قیام کرایا جائیگا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خاں کی خصوصی درخواست پر مدینہ فاؤنڈیشن کی جانب سے کروڑوں روپے کی لاگت سے شیلٹر ہوم کی تعمیر کی گئی ہے ، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی خصوصی طور پر اس کی نگرانی کر رہے ہیں اور آئندہ ماہ جنوری میں اسے کھولنے کے سلسلے میں حتمی تیاریاں جاری ہیں۔