لندن(سپورٹس ڈیسک) کورونا وائرس کے باعث انگلش کائونٹی چمپئن شپ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، سیزن 2020ء میں کائونٹی چمپئن شپ کا انعقاد نہیں ہو گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ اور بیشتر ٹیموں نے کائونٹی چمپئن شپ منسوخی پر رضامندی ظاہر کر دی ہے جبکہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اس متعلق جلد اعلان کرے گا۔ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل اور ٹی ٹونٹی کرکٹ کو سیزن کے دوران ترجیح دی جائے گی ، میڈ یا رپورٹس میں کہا گیا کہ 3 ماہ میں چمپئن شپ کا انعقاد ممکن نہیں ہے ۔پاکستان ، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ میں سیریز کھیلنا ہیں جبکہ انگلش کرکٹ بورڈ کو رواں سیزن 300 ملین پاونڈز نقصان کا خدشہ ہے ۔یاد رہے کہ یورپ کی طرح کورونا وائرس نے انگلینڈ میں بھی تباہی مچا رکھی ہے۔