اسلام آباد ،بشام(سپیشل رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی ) وزیراعظم شہبازشریف نے خیبرپختونخوامیں آٹاپنجاب کی قیمت پردینے ،بشام کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے دوارب روپے کی گرانٹ،شانگلہ میں میڈیکل کالج بنانے کااعلان کردیا،وزیراعظم نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے صوبے بھرکے ہسپتالوں میں ادویات مفت کرنے کی بھی درخواست کردی،وزیراعظم نے پوران گرڈسٹیشن بھی 3ماہ میں بنانے کااعلان کردیا،وزیر اعظم نے صوبے میں گندم کی فراہمی ہرصورت یقینی بنانے کی بھی یقین دہانی کرادی اور کہا کہ کب تک ہم کشکول لے کرپھریں گے ؟بھیک کے ذریعے زندگی نہیں موت ملتی ہے ،اکیلے پنجاب کی ترقی پاکستان کی ترقی نہیں ۔تفصیلات کے مطابق بشام میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیراعظم نے کہا کہ پرتپاک استقبال پر آپ سب کاشکریہ اداکرتاہوں ، خیبرپختونخوا کے غیورلوگوں کوسلام پیش کرتا ہوں، صوبے کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے ،آج نوازشریف کے شیر کے گھرآیاہوں ،صوبے میں پچھلے 8سال پی ٹی آئی کی حکومت ہے ، انہوں نے کتنے ہسپتال بنائے اور کتنے ہسپتالوں میں مفت ادویات دیں، غریب آدمی کیلئے دوائی نہیں ملتی،امیرآدمی بیرون ملک سے اپنا علاج کرتاہے ،خیبر پختونخوا کو عظیم صوبہ بنا کردم لیں گے ، جب تک اللہ نے خادم پاکستان بنا کر رکھا جھوٹے وعدے نہیں کروں گا، غلطی ہو گی تو آپ کو گواہ بنا کر معافی مانگوں گا، جب تک جان ہے دن رات کام کروں گا، 4 سالوں میں مہنگائی عروج پر چلی گئی، سابق حکومت نے تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے لیے ، پی ٹی آئی حکومت نے 24ہزارارب قرض لیا کوئی نئی اینٹ نہیں لگی، پشاوربی آرٹی چلتی اورجلتی رہی، ہماری حکومت نے 11،11 ماہ میں میٹروبسیں چلائیں،چارسال جو اس عہدے پررہااس نے دن رات عوام سے جھوٹ بولا،اب وہ اپنی کارکردگی کے حوالے سے کچھ نہیں بتاتا، جان لڑا دوں گا خیبرپختونخوا کے مسائل حل کر کے دکھاؤں گا، پنجاب میں دوبارہ ہسپتالوں میں مفت علاج شروع کرا دیا ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخواسے اپیل کرتاہوں کہ عوام کیلئے علاج مفت کردیں،اللہ نے موقع دیاتو خیبر پختونخوامیں بھی سب کاعلاج مفت ہوگا ، اگروہ فری علاج نہیں کریں گے توہم سہولت دیں گے ،پنجاب کی طرح خیبرپختونخوامیں بھی عوام کوسستاآٹاملناچاہئے ،اگرخیبرپختونخواکاوزیراعلیٰ آٹاسستانہیں کرتاتو میں پیسے دوں گااوریہاں آٹاسستاکروں گا،مجھے خیبرپختونخواکے ہردکان میں سستاآٹامہیاکرناآتاہے ، اگلے ایک دو دن میں آٹے کی جو قیمت پنجاب میں ہوگی وہی کے پی میں ہوگی، بشام میں 10 کلوآٹے کا تھیلا 720 روپے میں بک رہا ہے ، امیرمقام بڑا تگڑا اور محنتی آدمی ہے ، وزیراعلیٰ کے پی کے سے درخواست کروں گا پنجاب کی قیمت پرآٹا دیں اگرنہیں دیں گے توپھراپنے کپڑے بیچ کرمہیا کروں گا، پچھلے 4 سالوں میں قرضے لے کر ملک کا بھٹا بیٹھ چکا ، غداری، وفاداری کے سرٹیفکیٹ بانٹے جارہے ہیں، 4 سال میں انتہائی کرپشن اور نالائقی کی وجہ سے بدترین لوڈشیڈنگ تھی، نواز شریف نے شاندار بجلی کے منصوبے لگائے ، تیل، گیس وقت پر نہ منگوانے پر معیشت تباہ ہو گئی ، جان لڑادیں گے پاکستان کوقائداعظم ؒکا پاکستان بنائیں گے ،پاکستان تب ترقی کرے گاجب سارے صوبے ترقی کریں گے ،یہ لوگ خزانہ خالی کرکے گئے ہیں، ملک پرقرضے ہی قرضے ہیں،سعودی ولی عہد اورابوظہبی کے ولی عہد نے بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرائی،سعودی پرنس نے کہاپاکستان کیلئے جوہوسکاکرونگا ،عمران خان تقریروں میں اپنی کارکردگی کاذکرنہیں کرتے ،اب یہاں دوبارہ تب ہی آئوں گاجب میرے احکامات پرعملدرآمدشروع ہوجائیگا۔ا نجنیئر امیرمقام، مرتضیٰ جاوید عباسی، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عباداللہ، اختیار ولی، ارشاد خان، فضل اللہ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مریم اورنگ زیب، سینیٹر صابر شاہ، سردار محمد یوسف بھی موجود تھے ۔یورپی یونین کے پاکستان میں وفد کے ناظم الامور تھامس سیلر نے وزیراعظم سے ملاقات کی جن سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اقتصادی ،تجارتی اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ ناظم الامور نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے یورپی کونسل کے صدر اور یورپی یونین کے صدر کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں اطراف کے اعلیٰ سطح کے وفود کے باقاعدگی سے تبادلے ہوں تاکہ خطے اور عالمی امن اور استحکام سے متعلقہ امور کے ضمن میں دوطرفہ تعاون مزید گہرااور باہمی تعاون میں مزید اضافہ ہو۔ یورپی یونین کے ناظم الامور نے یورپی یونین کے پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہارکیا۔ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر افغانستان میں سیلاب متاثرین کیلئے پاکستان کی طرف سے امدادی اشیاء کی پہلی کھیپ پاکستان ایئر فورس کے خصوصی طیارے کے ذریعے افغانستان پہنچا دی گئی ہے ۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق امدادی اشیاء میں 100 خیمے ، 2 ٹن آٹا، 1 ٹن چاول اور 450 کلو چینی شامل ہے ،امدادی اشیا کی دوسری کھیپ کل روانہ ہوگی۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ افغانستان میں سیلاب زدگان کی امداد کیلئے پاکستان ہر ممکن کوشش کرے گا،پاکستان افغان بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا ،عالمی برادری اس مشکل وقت میں انہیں تنہا نہ چھوڑے ۔