لاہور،اوکاڑہ (نیوز رپورٹر ،92 نیوزرپورٹ، ڈسڑکٹ رپورٹر ) وزیر ریلویز شیخ رشید احمدنے 16 اگست سے مزید 10 ٹرینیں بحال کرنے کا اعلان کردیا اور کہا کہ نوازشریف، زرداری خاندان کیلئے سیاست میں کوئی جگہ نہیں ، پہلے ہی کہا تھا عید کے بعد نیب ان کو بلائے گا۔ لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان سب کے کیس بڑے سنجیدہ نوعیت کے ہیں، کدھر گئی اپوزیشن کی اے پی سی ؟، نوازشریف واپس نہیں آرہے ۔انہوں نے ایم ایل ون منظوری پر قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ دو لاکھ افراد کو روزگار ملے گا، 30 اگست سے پہلے ٹینڈر ہوجائیگا ، میں عمران خان سے سوموار یا منگل کو ملاقات کروں گا، کوشش ہے چینی صدر اسکا افتتاح کریں،ملک بھر میں ٹرینوں کی بحالی کا عمل مرحلہ وار اور ڈیمانڈ کے مطابق کیا جائے گا جبکہ ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا جب ایم ایل ون بن رہا ہو گا تو ایم ایل ٹو کی بھی اُن سے بات کریں گے ، آج ہم نے ٹرینوں کے تمام پرانے سٹاپ ختم کر دیئے ہیں جن پر کمانڈ اینڈ کنٹرول کی طر ف سے پابندی لگی تھی ۔ دریں اثنا شیخ رشید کی صوبائی وزیر صمصام بخاری سے لاہور ریلوے ہیڈ کواٹر میں ملاقات ہوئی ، صمصام بخاری نے شیخ رشید کے لئے نیک تمنائو ں کا اظہار کیا، اس موقع پر سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی ۔ شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم بہتر پالیسی کے پیش نظر کورونا پر کافی حد تک قابو پا لیا ہے ۔ شیخ رشید نے مزید کہاکہ میں نہیں سمجھتا کہ پی ٹی آئی کا کوئی وزیر کرپشن کر رہا ہے ، وزیر اعظم عمران خان کو آٹے اور چینی کی قیمتوں کا پتہ ہے ،14، 15 اگست کو محرم شروع ہوجائے گا، میں ان دنوں میں نئی ٹرینیں نہیں چلارہا اور یہ تحریک چلانے جا رہے ہیں ۔