کشمور،لاہور،اوکاڑہ ، پاکپتن ، شیخوپورہ، قصور ، کرمانوالہ،محمد نگر (92 نیوز، کرائم رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹرز، نامہ نگاران ) کندھ کوٹ کے گاؤں زمان چاچڑپرسبزوئی گینگ نے حملہ کردیا،فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق اور4 زخمی ہوگئے جبکہ دیگر واقعات میں چار بھائیوں سمیت سمیت 16 مارے گئے ۔تفصیلات کے مطابق کندھکوٹ کے درانی مہرتھانہ کی حدود گاؤں زمان چاچڑپرسبزوئی گینگ نے حملہ کرکے جدید اسلحے سے فائرنگ کی اورمارٹرگولے بھی داغے جسکے نتیجے میں چاچڑبرادری سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق اور4 شدید زخمی ہوگئے ،زخمیوں اورلاشوں کوکندھ کوٹ ہسپتال منتقل کیا گیا،جان بحق ہونے والوں میں شاہ مراد،عبدالخالق،بھائی خان،انورعلی،ابی خان، منظوراحمد، گڈ لوچاچڑ اوردیگرشامل ہیں،پولیس کے مطابق جاگیرانی اور سبزوئی گینگ نے پرانی دشمنی پرحملہ کیا،جبکہ 92 نیوز کے ذرائع کے مطابق سبزوئی گینگ کی گذشتہ رات ایک گائے غائب ہوئی جس پرانہوں نے چاچڑبرادری کے گاؤں پرحملہ کرکے 9 افراد کو موت کی نیند سلادیا۔ لاہور اقبال ٹائون میں لین دین کے تنازع پر ملزم نوید نے فائرنگ کر کے حمزہ عالم کو قتل کر دیا اور فرار ہوگیا۔رائے ونڈ کے علاقہ میں 10 سالہ بچے عرفان کو اس کے پھوپھا نے کلہاڑی سے کھیتوں میں قتل کردیا، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم شبیر کو گرفتار کر لیا۔ مناواں کے علاقہ میں شریف پورہ میں موٹر سائیکل رکشہ پر بیٹھے نامعلوم شخص نے فائرنگ کرکے 3 افراد وسیم، اللہ دتہ اور ساجد کو زخمی کر دیا،پولیس کے مطابق وسیم ہسپتال میں دم توڑ گیا۔نشتر کالونی کے علاقہ بہادر آباد میں گھریلو جھگڑے پر خاوند نے 35 سالہ بیوی کنیز فاطمہ کو فائرنگ کر کے مار ڈالا اور فرار ہوگیا ۔ سبزہ زار کے علاقہ میں گندا نالہ سے لاش برآمد ہوئی ہے ۔ پولیس کے مطابق لاش کئی روز پرانی اور بوسیدہ ہو چکی ہے ۔ اوکاڑہ تھانہ گوگیرہ کی حدود میں عید کے دوسرے روز زمین کے وراثتی تنازعہ پر دو سگے بھائیوں عباس پروکا اور اسکے بھائی اللہ دتہ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، ۔فاروق آباد گاؤں بٹر کے قریب زرعی اراضی کے تنازعہ پر بڑے بھائی ندیم نے فائرنگ کرکے دو سگے بھائیوں نسیم اور وسیم کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا، نارنگ منڈی میں ایک خاتون کی اسکے گھر سے نعش ملی ہے جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا، پولیس کو شبہ ہے کہ خاتون کو اسکے شوہر نے قتل کیا ہے ۔ محمد نگر کے نواحی گائوں جمن شاہ میں پانی کے تنازع پر پڑھیار گروپ اور ساہی گروپ میں فائرنگ کے نتیجے میں حاتم علی اور ہمشیرہ بشیراں بی بی جاں بحق ہو گئے جبکہ چھ افراد زخمی ہو گئے ۔قصور میں چوری کا مقدمہ درج کرانے کی رنجش پر ملزم بابر ، اشرف وغیرہ چھ افراد نے محمد یوسف کے گھر میں گھس کر تشدد کا نشانہ بنا کر نازیہ بی بی کو قتل جبکہ چار افراد کو زخمی کر دیا۔ محسن وال تھانہ سٹی میاں چنوں کے علاقے عبدالحق ٹاؤن میں گھریلو ناچاقی پر داماد ملک اظہر نے اپنے سسر تحسین، ساس شبانہ اور بیوی فائقہ کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا اور تین بچوں کو لیکر فرار ہو گیا ۔