کراچی(صباح نیوز)قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کے 3 کمسن بچوں سمیت اغوا کے 17 سال مکمل ہو گئے ۔ 30 مارچ، 2003ء پاکستان کی تاریخ کا وہ سیاہ دن تھا جب تعلیم کے شعبہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے والی ڈاکٹر عافیہ کو تمام ملکی اور عالمی قوانین بالائے طاق رکھتے ہوئے امریکیوں کے حوالے کیا گیا تھا۔ وطن عزیز سمیت دنیا بھرمیں لاک ڈاؤن کی صورتحال کے باوجودبھی پاکستانی عوام نے ڈاکٹر عافیہ کو فراموش نہیں کیا۔ عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی اپیل پر ایک دن میں ہزاروں ویڈیو پیغامات، واٹس اپ، ایس ایم ایس اور ای میل ارسال کر کے قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ سے عقیدت کا اظہار کیا جس کا سلسلہ تاحال جاری ہے ۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا عافیہ کوناکردہ جرم کی پاداش میں 17 سال قید میں رکھا گیا، اب عافیہ کے لئے انصاف نہیں رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں کیونکہ کسی کی زندگی اور جوانی کے 17 سال واپس لوٹانا ممکن نہیں ۔