کراچی ،اسلام آباد،لاہور،قصور(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ، لیڈی رپورٹر،92 نیوز رپورٹ،اپنے سٹاف رپورٹر سے ، ڈسٹرکٹ رپورٹر) شہر قائد میں گزشتہ روز بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جبکہ بارش کے دوران مختلف مقامات پر کرنٹ لگنے سے چھ افراد جاں بحق ہوگئے ، کے الیکٹرک لوگوں کو بجلی دینے میں ناکام رہی ، تاہم بجلی کے تار گرنے اور کرنٹ لگنے سے 6افراد جان کی بازی ہار گئے ، لاہور ، قصور سمیت مختلف مقامات پر بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوتی رہی جس نے عوام کا براحال کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں مون سون کی بارشوں کے تیسرے روز بدھ کی صبح بہادر آباد کے علاقے کارساز روڈ پر کنگری ہائو س کے قریب بجلی کا تارٹوٹ کر موٹر سائیکل سوار پر آگرا جس کے نتیجے میں50سالہ رفیق نے موقع پر تڑپ تڑپ کر جان دیدی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس،کے الیکٹرک کا عملہ اور تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ موقع پر پہنچ گئے ۔ سرسید ٹائون کے علاقے ناگن چورنگی الحاج ریسٹورنٹ کے قریب نجی بینک کے باہر بجلی کا کام کرتے ہوئے 30سالہ راشد کرنٹ لگنے سے چل بسا۔ نیو کراچی کے علاقے ناگن چورنگی مسلم ٹائو ن سیدہ مسجد کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے 10 سالہ احمد رضا جاں بحق ہوگیا ۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق متعلقہ افسر کو معطل کردیا گیا ۔شریف آباد کے علاقے میں گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے مزدور کو نیم بے ہوشی کی حالت میں عباسی شہیدہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ ۔ ماڈل کالونی کے علاقے سیٹ نمبر 12 کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے 70 سالہ اصغر خان ہلاک ہو گیا۔سول لائن کے علاقے ہجرت کالونی گلی نمبر 23 کے قریب گھر میں پانی کی موٹر سے کرنٹ لگنے سے 60 سالہ شیر دل خان جاں بحق ہوگیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں بارش کا سپیل ختم ہورہا ہے کیونکہ آج سے مون سون ہواؤں کا رخ پنجاب کی طرف ہوجائے گا ۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی بارش نے انٹری دے دی ہے ، جڑواں شہروں میں صبح کے وقت بادل گرجے اور جم کربرسے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، سکردو میں بھی گھٹاؤں کا راج رہا ،تفریحی مقام دیوسائی میں موسم سرد ہوگیا۔ صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ روز گرمی اور حبس کی شدت میں کمی ریکارڈ ہوئی شہر میں دن بھر ہوائیں چلتی رہیں تاہم سورج بھی اپنے جلوے بکھیرتا رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا موسم جزوی ابر آلودرہنے اور بارش کا بھی امکان ہے ۔دوسری طرف لاہور ، قصور اور دیگر علاقوں میں میں بجلی کی وقفے وقفے سے لوڈشیڈنگ ہوتی رہی جس سے شہریوں کو پریشانی کاسامنا کرنا پڑا ۔