کراچی (92 نیوزرپورٹ،این این آئی)کراچی میں غریب بیوہ کے نام کروڑوں روپے کی مبینہ بے نامی جائیداد نکل آئی جس پر نیب نے انہیں طلبی کا نوٹس بھیج دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نیب نے شاہ فیصل کالونی نمبر تین کے مکان کی مالکن کے نام ایک نوٹس بھیجا ہے جس میں ان سے گلشن اقبال کڈنی ہل میں کروڑوں روپے کا پلاٹ خریدنے کی وجوہات پوچھی گئی ہیں،نیب نے خاتون کو 320گز کے پلاٹ کے کاغذات لے کر فوری راولپنڈی آنے کی ہدایت کی ہے ،مکان کی رہائشی خاتون کا نام نگہت پروانا ہے ، شوہر کے انتقال کے بعد انکی کفالت بھائی کررہے ہیں، نیب کا نوٹس ملنے کے بعد خاتون پریشان ہوگئی ، نوٹس میں نگہت پروانا پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے پلاٹ جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے خریدا ،متاثرہ خاتون کے بھائی کا کہنا ہے کہ ایسا تبھی ممکن ہے جب نیب آنے جانے کا کرایہ دے ،نگہت پروانا کی بیٹی کا بھی یہی مطالبہ ہے کہ نیب غریبوں کو پریشان کرنے کے بجائے جعلی اکائونٹس میں ان کا نام استعمال کرنے والوں کا سراغ لگائے ۔