اسلام آباد ( 92 نیوز رپورٹ) پاکستان کے کرتارپور راہداری پر اصولی موقف کے سامنے بھارت نے گھٹنے ٹیک دیئے ،پاکستان کے بھیجے گئے مسودے پربھارت متفق ہوگیا ہے ۔سفارتی ذرائع کے مطابق بھارت نے یاتریوں کیلئے 20ڈالرسروس چارجز کی ادائیگی کی شرط مان لی جبکہ راہدار ی سے متعلق آزمائشی اعدادوشمارکاتبادلہ بھی ہوگیا۔سفارتی ذرائع نے بتایا پاکستان اور بھارت کی جانب سے کل 23 اکتوبر کو کرتارپورراہداری معاہدے پردستخط ہوں گے تاہم ابھی یہ طے کرنا باقی ہے کہ معاہدوں پر دستخط کی تقریب کرتار پور زیروپوائنٹ یا واہگہ پر ہوگی۔پاکستان اوربھارت کے مقررکردہ فوکل پرسنزمعاہدے پر دستخط کرینگے ۔پاکستان کی طرف سے چند روز قبل مسودہ بھارت کے حوالے کیا تھا جس میں کرتار پور راہداری کے راستے سکھ یاتریوں سے 20 ڈالر انٹری فیس وصولی کا اصولی فیصلہ کیا گیا تھا تاہم بھارت نے اس کو جواز بناکر فائنل مسودے پر دستخط نہیں کئے تھے ۔ادھر بھارتی وزارت خارجہ نے کہا ہم تئیس اکتوبر کو راہداری معاہدے پر دستخط کیلئے تیار ہیں تاہم پاکستان کوایک بار پھر بیس ڈالر انٹری فیس کی معاف کرنے کیلئے کہا جائے گا۔