لاہور(سپورٹس رپورٹر) دورہ انگلینڈ کے لئے پہلے کورونا ٹیسٹ میں منفی نتیجہ والے 18 کھلاڑیوں اورمینجمنٹ میں شامل 11 اراکین کی کوویڈ19 ٹیسٹنگ کا دوسرا مرحلہ مکمل کرلیا گیا، ان کے علاوہ پانچ ریزرو کرکٹرزاور مینجمنٹ کے ایک رکن کے کوویڈ 19 ٹیسٹ مکمل کرلیے گئے ، پانچ ریزرو کھلاڑیوں میں بلال آصف، عمران بٹ، محمد نواز، موسیٰ خان کے علاوہ ریزرو وکٹ کیپر منتخب ہونے والے روحیل نذیر کا ٹیسٹ بھی کر لیا گیا۔ مینجمنٹ کے ایک متبادل رکن مساجر محمد عمران کا کوویڈ 19 ٹیسٹ بھی لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق بلال آصف، عمران بٹ، موسیٰ خان اور محمد نواز کو پہلے ہی دورہ انگلینڈ کے لیے اعلان کردہ 4 ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا تھا تاہم محمد رضوان کی جگہ روحیل نذیر کی بطور بیک اپ وکٹ کیپر اور ملنگ علی کی جگہ محمد عمران کی بطور بیک اپ مساجر کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کی گئی۔قومی سکواڈ کی ٹیسٹنگ کے پہلے مرحلے میں وکٹ کیپر محمد رضوان اور مساجر ملنگ علی کے کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آئے تھے ۔دوسری جانب پہلے مرحلے میں مثبت نتائج آنے والے 10 کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کے ایک رکن کا دوسرا کوویڈ 19 ٹیسٹ آج ہوگا۔پی سی بی اعلامیہ کے مطابق تمام ٹیسٹوں کے نتائج کا اعلان 27 جون کو کیا جائے گا۔گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں مقیم کھلاڑیوں اور آفیشلز نے بایو سکیور ماحول میں اپنے سیمپل دئے ۔ ایک نجی لیبارٹری کے سٹاف نے سیمپل اکٹھے کئے اور ان کے نتائج ایک دو روز میں مل جائیں گے ۔