لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین اقبال قاسم کے استعفیٰ کے بعد اب سینئر رکن وسیم اکرم بھی نالاں دکھائی دیتے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی کے سینئر رکن وسیم اکرم کہتے ہیں کہ اگر کمیٹی کی سفارشات پر عمل نہیں کرنا تو اسے ختم ہی کر دیا جائے ۔ اس سلسلہ میں حتمی فیصلہ اس ہفتہ متوقع ہے ۔ کرکٹ کمیٹی کے دو چیئرمین محسن خان اور اقبال قاسم سفارشات پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے احتجاجا عہدوں سے الگ ہو چکے ہیں اور اب بے سود کرکٹ کمیٹی کو تحلیل کرنے کی باتیں سامنے آ رہی ہیں۔ دو سال پہلے پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے محسن خان کی سربراہی میں کرکٹ کمیٹی تشکیل دی، لیکن کچھ ہی عرصے میں محسن خان مستعفی ہوگئے تو چیف ایگزیکٹووسیم خان کو اضافی ذمہ داری دی گئی تاہم چند ماہ کے بعد ان کی جگہ سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم کو چیئرمین بنا دیا گیا اور پھر استعفوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔