کراچی ،اوکاڑہ(سٹاف رپورٹر،ڈسٹر کٹ رپورٹر) شہر قائد میں آگ لگنے سے 2 بہنیں زندہ جل گئیں،اوکاڑہ میں 2 بچوں پر تودہ گر گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی بفرزون سیکٹر 15بی میں کیفے ٹوڈیز کے قریب تین منزلہ عمارت کی تیسری منزل پر واقع گھر میں آگ لگ گئی ، اطلاع ملتے ہی پولیس ، ریسکیو ورکرز اور فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا ،آگ لگنے کے باعث گھر کے اندر موجود دو بچیاں جھلس کر جاں بحق ہوگئیں ، اس سلسلے میں ایس ایچ او گبول ٹاؤن انسپکٹر روشن کا کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی دونوں بچیوں کو فوری طور پر عباسی شہید ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ اس سے قبل ہی دم توڑ گئی تھیں ، متوفیان کی شناخت 7 سالہ عمیمہ دختر حارث اور اس کی چھوٹی بہن 6 سالہ حمنہ کے نام سے کی گئی ، ابتدائی تحقیقات کے مطابق گھر میں لگے ہوئے یو پی ایس کی وائرنگ میں شارٹ سرکٹ ہوا جس کے باعث آگ لگی،باپ آفس اور ماں سودا لینے بازار گئی ہو ئی تھی۔ اوکاڑہ کے نواحی گاؤں ٹھٹھہ غلام کامیں ریت کے ٹیلے کے پاس 7سالہ بچہ زاہد اور5سالہ اشفاق کھیل رہے تھے کہ اچانک کھیلتے بچوں پرریت کاتودہ آن گرا جس کے نتیجے دب کر5سالہ اشفاق جاں بحق ہوگیا جبکہ7سالہ زاہد کومقامی لوگوں نے نکال کر ہسپتال منتقل کردیا ۔