کراچی (سٹاف رپورٹر) شہر قائد میں نقلی انڈوں کی فروخت پردکان سیل،مالک اور2 سپلائرگرفتار کرلئے گئے جبکہ پلاسٹک کے انڈوں کی فروخت کرنے والے دکاندارکو10ہزار کی ضمانت پررہا کر دیاگیا۔سندھ فوڈ اتھارٹی نے پلاسٹک کے انڈوں کی فروخت کی اطلاع پرڈیفنس خیابان سحرمیں پولیس کیساتھ ایک دکان پرکارروائی کی جہاں اصلی انڈوں سے مشابہت رکھنے والے پلاسٹک کے نقلی انڈے ملنے پرجنرل سٹورکے مالک کوگرفتارکرکے دکان سیل کردی،ایس پی انویسٹی گیشن سوہائے عزیزکا کہنا ہے کہ پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ،اس سلسلے میں دکانداراور2 سپلائرزکو گرفتارکیا گیا جن میں ایک کو فارم ہاؤس سے گرفتارکیا گیا،ملزمان سے انڈوں سے بھرٹرک بھی برآمد ہوا،اس بات کا پتہ لگایا جارہا ہے کہ انڈوں کی سپلائی کہاں سے کی جارہی تھی۔جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے پلاسٹک کے نقلی انڈوں کی فروخت کے الزام میں گرفتاردکاندارکو ضمانت پررہا کردیا،پیرکو تھانہ درخشاں پولیس نے سید جمیل احمد کاجسمانی ریمانڈ لینے کیلئے فاضل عدالت میں پیش کیا تاہم عدالت نے ملزم کوضمانت پررہا کرنیکا حکم دیا اور10 ہزارروپے کے مچلکے جمع کرانیکی ہدایت کی۔ملزم نے بیان دیا کہ میری دکان سے انڈے نہیں خریدے گئے جس شاپرمیں انڈے لائے گئے وہ ہم استعمال نہیں کرتے ۔