کراچی (سٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کراچی 300ارب روپے سے زیادہ ریونیو دیتا ہے ،یہ پیسہ کہاں جارہا ہے ، ان سے کوئی سوال تو کرے ۔کراچی میں صفائی مہم کے آغازپر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پھر یہ کہتے ہیں کہ جو پیسہ دیا گیا اس کا حساب دو،حساب مانگنے اور آگے بڑھنے کا وقت آگیا ہے ، میں 3 سال سے اختیارات کی جنگ لڑرہا ہوں،سندھ حکومت سے کوئی تو سوال کرے ، میں سندھ حکومت سے بیزار ہوچکا ہوں، سندھ حکومت سے فنڈ لینے کیلئے بھی عدالت جاتا ہوں،بارش سے ایک ہفتے پہلے نالوں کے چوکنگ پوائنٹس کلیئر کرا دیئے تھے ۔وسیم اختر نے دعوٰی کیا کہ بارش کے دوران نالے کلیئر ہونے کی وجہ سے کوئی بھی نالہ اوور فلو نہیں ہوا، کے ایم سی کو ماہانہ ایک ارب ملنے چاہئیں لیکن پچاس کروڑ ملتے ہیں، 50 کروڑ کی ڈنڈی ماری جاتی ہے ،منسٹر صاحب کا شکریہ انہوں نے نوٹس لیا۔