اسلام آباد(خبر نگار)کراچی میں بلدیاتی اختیارات کیلئے سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی اور اسد عمر نے درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں لوکل باڈیز ایکٹ کی شق 74اور75کو کالعدم کرنے کی استدعا کرتے ہوئے بلدیاتی اداروں کے معاملے میں صوبائی حکو متوں کو حاصل آئینی اختیارات پر سوالات اٹھا ئے گئے ہیں اور موقف اپنایا گیا ہے کہ بلدیاتی قانون کی دفعات 74 اور 75 صوبائی حکومت کو بے پناہ طاقت دیتی ہیں اور آئین کے آرٹیکل 140 اے سے متصادم ہیں۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے پنجاب اور کے پی میں بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنایا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے سیکشن 74 اور 75 کے علاو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے سیکشن 18 کو بھی کالعدم قرار دیا جائے ۔ سندھ حکومت کو کے ایم سی کے تمام واجبات فوری ادا کرنے اور عبوری بلدیاتی نمائندوں کو آرٹیکل 140اے کے تحت مکمل اختیارات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے ۔درخواست میں سندھ حکومت کو ضلع ٹیکس سود سمیت کے ایم سی کو دینے ، کراچی میں پانی اور سیوریج کا نظام مقامی حکومت کے حوالے کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے ۔