کراچی، ملتان، تھرپارکر، ٹھٹھہ ( سٹاف رپورٹر، نامہ نگاران ، جنرل رپورٹر ) کراچی اور سندھ کے دیگر اضلاع میں بارش سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا، نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، کراچی میں وقفہ وقفہ سے بارش ہوتی رہی اور سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا، محکمہ موسمیات کی جانب سے جمعرات کو آئندہ 24 گھنٹوں کا نیا الرٹ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ کراچی اور دیگر 8 اضلاع ٹھٹھ، بدین ، سانگھڑ، جامشورو اور قمبر شہداد کوٹ ، نوشہرو فیروز، اور لاڑکانہ میں آج جمعہ کو بھی شدید بارش کا امکان ہے ، کراچی میں متوقع طور 50 سے 70 ملی میٹر کی شدید بارش سے مزید اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے ، ادھر جمعرات کو کراچی میں سہراب گوٹھ ، کورنگی، ڈیفنس، قیوم آباد، لانڈھی ، گلشن اقبال، مسرور بیس، فیصل بیس، صدر، گلستان جوہر، جناح ٹرمینل، سرجانی ٹاون اور دیگر علاقوں میں تیز اور ہلکی بارش ہوتی رہی ، مسرور بیس پر 5 ملی میٹر ، سہراب گوٹھ اعشاریہ 5 ملی میٹر، نارتھ کراچی میں ایک ملی میٹر، ناظم آباد ایک اعشاریہ 5، صدر میں 5 اعشاریہ 2 ملی میٹر ، گلستان جوہر میں 5 ملی میٹر ،سر جانی ٹاون میں 12 اعشاریہ 9 ، فیصل بیس، لانڈھی اور جناح ٹرمینل پر بارش ریکارڈ کی گئی ، ٹھٹھہ جنگشاھی کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے ایک شہری جاں بحق ہوگیا، بارش نے شہر بھر میں تباہی مچا دی، گوٹھ حاجی روحل الدین جوکھیو میں آسمانی بجلی سے رمضان جاں بحق ہوگیا، گھوڑا باڑی گجو اداسی کیٹی بندر کھاروچھان گھارو دھابیچی جھمپیر جنگشاھی اور دیگر علاقوں میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا، کئی علاقوں میں دو فٹ سے زائد پانی کھڑا ہے ۔ ملتان اور گردونواح میں وقفے وقفے سے تیز بارش نے موسم خوشگوار کردیا، ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ ساتھ تیز بارش نے شہریوں خوش کردیا،شہریوں کی بڑی تعداد نے سموسوں کی دکانوں کا رخ کیا، 32 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ تھرپارکر آسمانی بجلی گرنے سے مزید دو افراد جا ں بحق ہوگئے مرنے والوں کی تعداد پانچ ہو گئی ، چاچا بھتیجا یاسین نھڑی اور ممتاز نھڑی آسماجی بجلی سے چل بسے ۔