کراچی(سٹاف رپورٹر)تبدیلی کانعرہ لگانے والی تحریک انصاف کے قومی اورصوبائی اسمبلی کے ارکان سرجانی تیسرٹاؤن میں آپس میں ہی لڑپڑے اورایک دوسرے پرلاتوں اورمکوں سے بارش کردی،دونوں نے ایک دوسرے پرزمینوں پرقبضوں کے الزامات بھی لگائے ،دونوں ارکان کی جانب سے کوئی شکایت درج نہیں کروائی گئی۔منگل کوسرجانی ٹاؤن تھانے کی حدودسرجانی تیسر ٹاؤن میں زمینوں پر قبضے چھڑانے کیلئے آپریشن جاری تھا جس پرعلاقہ مکین احتجاج کر رہے تھے ۔تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی آفتاب جہانگیرپہنچے تواسی دوران صوبائی اسمبلی کے رکن رابستان بھی موقع پرپہنچ گئے اوردونوں نے ایک دوسرے پرپلاٹوں پرقبضے کرنے کے حوالے سے الزامات لگانے شروع کردئیے ۔ رابستان کے حامیوں کی بڑی تعداد بھی موقع پر پہنچ گئی۔اسی دوران رابستان نے آفتاب جہانگیرپرلاتوں اور مکوں کی بارش کردی ۔جس پر لڑائی ہو گئی ۔ آفتاب جہانگیر فوری گاڑی میں بیٹھ کرچلے گئے ،رابستان کے حامیوں نے آفتاب جہانگیرکی گاڑی پربھی مکوں برسائے ۔ اس دوران کارکنان بھی آپس میں گتھم گتھا ہوگئے ۔پولیس اس دوران خاموش تماشائی کاکردار اداکرتی رہی۔