کراچی ،لاہور،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، اپنے رپورٹر سے ، وقائع نگار،سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں موسلادھار بارش کے دوسرے روز کرنٹ لگنے ،ڈوبنے کے واقعات میں2بچوں سمیت8افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ پاک فوج نے کراچی میں ریلیف آپریشن کا آغاز کر دیا ۔گلستان جوہر،عزیزآباد،لانڈھی،کورنگی،ملیرمیں بادل جم کر برسے ،حب ریورروڈپانی میں ڈوب گیا،درجنوں گاڑیاں پانی میں ہی بندہوگئیں۔عزیزآبادمیں پانی کئی گھروں میں داخل ہوگیا، صدر، اولڈ سٹی ایریا، کورنگی، لانڈھی، ناظم آباد، آئی آئی چندریگرروڈ، ٹاور، گلشن اقبال، گلستان جوہر، کریم آباد اورعزیز آباد سمیت دیگرعلاقوں میں جل تھل ایک ہوگیا۔بارش کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ اور اس کے اطراف کی سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا،بارشی پانی سڑکوں پرجمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کانظام درہم برہم ہوگیا،بارش کے دوراوزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ بھی سڑکوں پرنکل آئے ۔ریگل چوک جاکرنالوں کی صفائی کے کام کاجائزہ لیا۔محکمہ موسمیات نے کراچی،حیدر آباداوردیگرشہروں میں اربن فلڈنگ کاخدشہ ظاہرکردیا۔کراچی میں طوفانی بارش سے الیکٹرک کے 700 فیڈر ٹرپ کرگئے اورشہر کا 70 فیصد حصہ بجلی سے محروم ہو گیا۔ تیز بارشوں سے نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا اور شاہراہیں اور سڑکیں تالاب بن گئیں۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں ہر طرف گندگی اور تعفن پھیل گیا، نکاسی آب میں سست روی سے شہری پریشان ہوگئے ۔ ادھر پاک فوج سول انتظامیہ کی مدد کو پہنچ گئی، ریلیف آپریشن کا آغاز کر دیا ۔آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق پاک فوج کی ریسکیو ٹیمز متاثرہ علاقوں میں مصروف عمل ہے ۔ ڈیواٹرنگ پمپس اور ضروری حفاظتی سامان کے ساتھ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی بھی کی جا رہی ہے ۔ترجمان کا کہناہے کہ پانی میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو کیا جا رہا ہے ۔سیلاب اور کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مزید ریسکیو ٹیمز الرٹ ہیں۔ دریں اثنا صوبائی دارلحکومت لاہور میں گزشتہ روز حبس اور گرمی کی شدت برقرار رہی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور انتہائی مرطوب موسم رہا۔ملک میں زیادہ سے زیادہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارتنوکنڈی،چلاس45اورسبی میں44 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج سندھ ،جنوبی پنجاب اوربلوچستان میں تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔اس کے علاوہ لاہور کے ساتھ ساتھ بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اورکشمیر کے بعض اضلاع میں بھی تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے ۔آئندہ 24گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، بالائی سندھ ، بلوچستان،گلگت بلتستان اور کشمیر کے ملحقہ علاقوں میں تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔