کراچی( ویب ڈیسک) محکمہ جنگلی حیات سندھ نے کراچی میں منفرد نوعیت کا وائلڈ لائف میوزیم تیار کرلیا ہے ،سندھ میں پائی جانے والی جنگلی حیات کی ممیوں اور تصاویر کو میوزیم کی زینت بنایا گیا ہے ۔پہاڑی طوطے ، مارخور، مور ، چھپکلی اور سانپ سمیت ہر اس جانور کی تصویر یا ممی اس میوزیم کا حصہ ہے جو وادیٔ مہران میں پایا جاتاہے ۔ یہ سب اور سندھ بھر کی دیگر جنگلی حیات کو اب شہری ایک چھت کے نیچے دیکھ پائیں گے ۔ وائلڈ لائف میوزیم میں داخل ہوں تو جانوروں کی ممیوں دیکھ کر اصل کا گماں ہوتا ہے ۔وسائل کی کمی اور انتظامیہ کی نا اہلی کے باعث سالوں تک غیر فعال رہنے والا یہ میوزیم اب فعال ہوکر طلبہ، محققین کے لئے معلومات کا اہم ذریعہ بنے گا۔ میوزم کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے اور جنگلی حیات سے محبت کرنے والے لوگ جلد یہاں کی سیر کرسکیں گے ۔ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام یو این ڈی پی کے تحت میوزیم کی بحالی کے لئے مالی امداد دی گئی ہے ۔