کراچی (سٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے رنچھوڑ لین سومرا گلی میں محض 15 سال قبل تعمیر کی گئی 6 منزلہ عمارت گرگئی۔تفصیلات کے مطابق 25 فلیٹوں پرمشتمل عمارت میں پہلے دراڑیں پڑیں پھر وہ جھک گئی،سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حکام کی ہدایت پرتمام مکین باہرنکل گئے ۔ جس کے بعد مخدوش عمارت زمین بوس ہوگئی،عمارت گرنے کی آواز دوردورتک سنی گئی،عمارت گرنے سے کوئی جانی نقصان تونہیں ہوا تاہم 25 فلیٹوں کا سامان تباہ ہوگیا،عمارت گرنے سے قبل گیس اوربجلی منقطع کردی گئی تھی تاہم اطراف میں موجود عمارتوں کوجزوی نقصان پہنچا اورکئی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں ملبے تلے دب گئیں،کراچی میونسپل کارپوریشن ڈیمولیشن ڈیپارٹمنٹ نے عمارت کو20 سے 22 دن میں گرانے کا اعلان کررکھا تھا۔واضح رہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران کی نااہلی اورعدم دلچسپی سے شہرمیں غیرقانونی وغیرمعیاری تعمیرعمارتیں انسانی زندگیوں کیلئے خطرہ بن چکی ہیں۔