اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کراچی میں اسرائیل نامنظور بینرز سیاسی مقاصد کیلئے لگائے جارہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے خطے کی صورتحال اور پی ڈی ایم کے احتجاج کے حوالے سے اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہے کہ پاکستان مسلسل بھارت کا اصلی چہرہ دکھا رہا ہے ، 14 نومبر کو ڈوزیئر میں ہم نے بھارت کی جانب سے دہشتگردوں کی معاونت کے ناقابلِ تردید ثبوت دنیا کے سامنے رکھے ہیں، یورپی یونین ڈس انفولیب کی حالیہ چشم کشا انکشافات پر مبنی رپورٹ نے ہمارے تحفظات پر مہر تصدیق ثبت کی ہے ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کیلئے جھوٹی پر وپیگنڈا مہم شروع کی، ارنب گوسوامی کی چیٹ منظر عام آنے پر پلوامہ ڈرامہ بے نقاب ہوگیا، جو بھارت نے سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے رچایا، بھارت کی بی جے پی سرکار نے الیکشن کی راہ ہموار کرنے کیلئے اپنے ہی 40 فوجیوں کی جان لے لی، دہلی میں غیر ذمہ دار حکومت قائم ہے جو سیاسی مقاصد کیلئے کچھ بھی کر سکتی ہے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بھارت کو خطے میں نقص امن کا ذمہ دار ٹھہرائے ۔ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے اندر اور باہر کچھ عناصر ہیں جوسپائلر (خرابی) کا کردار ادا کر رہے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ جب حکومت، فلسطین کے حوالے سے اپنی پالیسی واضح کر چکی ہے تو پھر اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، وزیر اعظم عمران خان بارہا کہہ چکے ہیں میرے بیانات ریکارڈ کا حصہ ہیں۔شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ پی ڈی ایم اپنی صفوں میں بڑھتے ہوئے انتشار کو چھپانا چاہتی ہے اور اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانا چاہتی ہے ۔