کراچی (سٹاف رپورٹر )پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناکر کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گردوں کو گرفتارکرکے اسلحہ اور بارود برآمد کرلیا۔رینجرز اعلامیہ کے مطابق انٹیلی جنس کی بنیاد پراطلاع ملی تھی کہ گلشن معمارکے علاقے میں کالعدم تحریک طالبان کے دہشت گرد موجود ہیں ۔ رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک مکان پرچھاپہ مارکر3دہشت گردوں یاسین عرف ابو حنظلہ عرف قاری،اکرام اللہ عرف فیصل اور محمد خالد عرف منصور عرف عمر کو گرفتار کرکے اسلحہ،سینکڑوں گولیاں اور بارود برآمد کرلیا۔رینجرز اعلامیے کے مطابق تینوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان قاری سعد بلال گروپ سے ہے ،دہشت گرد کراچی میں بڑی تخریب کاری کے لئے جمع ہوئے تھے ،دہشت گرد محمد یاسین عرف ابوحنظلہ 2 سال سے سعد بلال عرف ہمایوں سے رابطے میں تھا،ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کراچی میں اہم تنصیاب کو نقصان پہنچانا تھا،قائد اعظم انٹرنیشنل ایئر پورٹ ، امریکن قونصلیٹ اور پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کی ریکی اور وڈیو بناکر قاری سعد کو دے چکاہے ،اکرام اللہ عرف فیصل ٹی ٹی پی کے کمانڈر اقبال حسین عرف ابو تراب اور اس کے ساتھیوں کے ساتھ ملکر گورنمنٹ پرائمری اسکول شکردرہ ،پولیس اسٹیشن کو بارود لگاکر بلاسٹ کرنے کی کارروائیوں میں ملوث رہا ، محمد خالد عرف منصور عرف عمر کچھ عرصے قبل افغانستان سے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کراچی میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے آیا تھا ملزم ٹریننگ یافتہ اور گرفتار دشت گرد یاسین عرف ابوحنظلہ کا قریبی ساتھی ہے اور اس کے ساتھ ملکر دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہا ہے رینجرز نے تینوں دہشت گردوں قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا ، رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے ایسے عناصر کے بارے میں فوری طور پر رینجرز ہیلپ لائن نمبر 1101پر دیں اطلاع دینے والے کا نام صغیہ راز میں رکھاجائیگا۔