کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ پاکستان میں 10 برس کے بعد ٹیسٹ کرکٹ لوٹ آئی ہے ، ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کا برسوں سے انتظار تھا، کراچی ٹیسٹ جیت کر پاکستان سیریز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوا تو بہت خوشی ہوگی۔ایس ایم بی فاطمہ جناح گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول میں کرکٹ ٹریننگ نیٹ کی افتتاحی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ پنڈی ٹیسٹ بارش سے متاثر ہوا، قدرت کے معاملات میں کسی کو دخل نہیں، امید ہے کہ کراچی ٹیسٹ فیصلہ کن ثابت ہوگا، اگرپاکستان جیتا تو بہت خوشی ہوگی، پاکستان یہ ٹیسٹ جیت کر اپنی عالمی رینکنگ بہتر بناسکتا ہے ، موقع ملا تومیچ دیکھنے کے لیے نیشنل اسٹیڈیم بھی جاؤں گا۔ایک سوال کے جواب میں سابق قومی کپتان نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کی اپنی اہمیت اور افادیت ہے ، اس سے نیا ٹیلنٹ ملتا ہے ۔