لاہور،کراچی،ملتان،وہاڑی (سٹاف رپورٹر،نیوز رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،کرائم رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں چند منٹوں کی بارش میں نارتھ ناظم آباد،نارتھ کراچی اور نیوکراچی ناگن چورنگی سمیت کئی علاقے اور سڑکیں زیر آب آگئیں،صفائی نہ ہونے سے یوپی، ناگن چورنگی، شادمان ٹاؤن کے نالے ابل پڑے ، نالوں کا پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا،ناگن چورنگی سمیت اطراف کے رہائشی علاقوں کی گلیاں اور سڑکیں بارش اور سیوریج کے پانی میں ڈوب گئیں، چند منٹوں کی بارش نے بلدیہ وسطی کے دعووں کی قلعی کھول کر رکھ دی ۔بارش سے نہاتے ہوئے 3سگے بھائی ڈوب کر جاں بحق ،ایک کو بچا لیا گیا جبکہ ایک نوجوان کرنٹ لگنے سے دم توڑ گیا۔ ناظم آباد اور نارتھ کراچی میں نالوں کا پانی بھی کناروں سے باہر نکل کر شہر میں داخل ہوگیا۔شاہراہوں پر پانی ہونے کے باعث سینکڑوں گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بند ہوگئیں جس سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ۔کراچی کے علاقے گلشن معمار میں بارش کے پانی میں نہانے کیلئے 4بھائی گڑھے میں اترے جس میں 3بھائی ڈوب کر جاں بحق جبکہ ایک بھائی کی حالت نازک ہے ۔نارتھ ناظم آباد میں 28سالہ ریاض گھر میں موٹر چلاتے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔کے الیکٹرک نے شہریوں کو کرنٹ سے بچانے کیلئے 200فیڈر بند کردئیے ۔بعدازاں رات گئے پھر بارش اور تیز آندھی سے کئی علاقوں میں درخت گرنے سے شاہراہیں بند ہوگئیں۔سولجر باز ار میں تیز آندھی سے درخت اور بجلی کے پول گر گئے ۔ناگن چورنگی سے پاور ہاؤس تک کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا۔سب سے زیادہ بارش ائیرپورٹ کے علاقے میں ریکارڈ کی گئی ۔پیپلز چورنگی میں پانی سے گزرنے والا رکشہ نالے میں گر گیا۔ کورنگی معراج ٹاؤن میں گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔انتظامیہ نے کراچی شہر میں ایمرجنسی نافذ کردی ، میونسپل کمیٹی کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔ شاہ فیصل کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے تین بچے زخمی ہوگئے ۔ادھر وہاڑی کے علاقہ ہیڈ اسلام کی حدود میں سیلابی پانی کا بہاؤ تیزی سے جاری ہے اور مزید درجنوں رہائشی بستیوں اور کھڑی فصلوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے ، سیلابی پانی کے باعث سینکڑوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں اور اس وقت بھی نواحی علاقہ آؤٹ فال کے ساتھ سیلاب متاثرین کی بڑی تعداد نہر کے کنارے کھلے آسمان تلے بیٹھے کسی مسیحا کے منتظر ہیں ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص، ٹھٹھہ، شہیدبینظیرآباد، کراچی، حیدرآباد ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، مکران، قلات،ژوب ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے ۔علاوہ ازیں ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی منظور سرور چودھری نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں پنجاب پولیس کی امدادی ٹیمیں دیگر اداروں کے ساتھ مل کر ریلیف سرگرمیوں میں پوری تندہی اور بھرپور جوش و جذبے سے حصہ لے رہی ہیں ۔