کراچی(نمائندہ 92نیوز،92 نیوزرپورٹ، نیٹ نیوز) شاہد آفریدی نے ایک بار پھر سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تین کروڑ کی آبادی والے شہر کے مسائل روز بروز بڑھتے جارہے ہیں، جس تیزی سے شہر کا حجم بڑھ رہا ہے اسی تیزی سے انفراسٹرکچر اور تعلیمی نظام بھی تباہ ہورہا ہے ، المیہ یہ ہے کراچی کو کوئی اپنا نہیں سمجھتا۔ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن (ایس اے ایف) کے زیر اہتمام منگھوپیر روڈ کے وانگی گوٹھ میں سکول میں تقریب اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا سندھ میں تعلیمی نظام کا یہ حال ہے جنہیں ایپل اور بس کے سپیلنگ نہیں آتے وہ بھی استاد بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے ملک بھر میں سرکاری و نجی سکولوں سے اپیل کی کہ حکومتی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کریں کیونکہ کسی کوتاہی کے نتیجے میں سکولوں کو دوبارہ بند کرنا پڑ سکتا ہے ۔