کراچی (رپورٹ:صلاح الدین علی )اقتصادی رابطہ کمیٹی کی منظوری کے بعد بھی رمضان المبارک میں کراچی کو اضافی بجلی نہیں مل سکی جبکہ شہر میں غیر علانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا۔سحر وافطار اوررات اوقات میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کر دیا ہے ۔گزشتہ شب عبادت کرنے والوں کو بھی لوڈشیڈنگ نے ستائے رکھا۔مقامی ٹرپنگ،مختلف علاقوں میں ایریا میں فالٹس کے نام پر10 سے 12 گھنٹے کی کی لوڈشیڈنگ معمول بن گئی۔تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے رمضان المبارک میں بالخصوص سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے لئے نیشنل گرڈ سے 150 میگاواٹ بجلی مانگی تھی جس کی بعدمیں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے منظوری بھی دی تھی لیکن تاحال یہ بجلی کراچی کو نہیں مل سکی جس کے باعث شہری لوڈشیڈنگ کے عذاب جھیلنے پر مجبور ہیں ۔ گزشتہ شب عبادت کرنے والوں کو بھی تھوڑی تھوڑی دیر بعدلوڈشیڈنگ نے پریشان کیا۔شہر کے بیشتر علاقوں کا 10سے 12گھنٹے بجلی سے محروم رہنامعمول بن گیا۔ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کے الیکٹرک کو اضافی بجلی دینے کی جو منظوری دی تھی ،وہ مختلف مراحل میں منظوری کے بعد نیشنل گرڈ سے کے الیکٹرک کے سسٹم میں آنی تھی جو تاحال کے الیکٹرک کو نہیں مل سکی ۔