کراچی (سپورٹس رپورٹر) ڈپٹی کمشنر سائوتھ سید صلاح الدین کی جانب سے ڈسٹرکٹ سائوتھ کو مستقل بنیادوں پر صاف ستھرا رکھنے اور صفائی وستھرائی کی افادیت کو اجاگر کرنے کرنے کے لئے عوامی شعور کی بیداری مہم بلیو جیکٹ صفائی مہم کا سپورٹس شخصیات نے خیر مقدم کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ سائوتھ کی عوام سے اپیل کی کہ ڈپٹی کمشنر کے نیک مشن میں ساتھ دیں اور اپنے ضلع کو صاف ستھرا رکھیں ،گلیوں اور محلوں میں کچرا پھنکنے سے اجتناب کریں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر خالد جمیل شمسی کی قیادت میں سپورٹس شخصیات کے ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر سائوتھ سید صلاح الدین سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی اور بلیو جیکٹ صفائی مہم کے آغاز پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس نیک مشن پر انہیں سپورٹس حلقوں کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا ۔اس موقع پر آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ اور عیسیٰ لیبارٹری کے سی ای او ڈاکٹر فرحان عیسیٰ بھی موجود تھے جبکہ وفد میں کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان ،پاکستان یوگا سپورٹس فیڈریشن کے سیکریٹری خالد بروہی ،سیکریٹری اطلاعات محمد ارشد ،سندھ فٹ بال ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئر مین محمد سلیم خمیسانی ، سندھ جوڈو ایسوسی ایشن کے سیکریٹری محمد رفیق ،کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے فنانس سیکریٹری اعجاز احمد شامل تھے ۔سپورٹس شخصیات نے ڈپٹی کمشنر سائوتھ سید صلاح الدین احمد کو بلیو جیکٹ صفائی مہم میں مکمل تعاون کا یقین دلا تے ہوئے اس مہم کو پورے شہر میں چلا نے کی اپیل کی۔