کراچی (سٹاف رپورٹر )لانڈھی میں لوٹ مارکرنے والے تین ڈاکوئوں کو شہریوں نے پکڑکربدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد آگ لگانے کی کوشش کی،پولیس نے ہوائی فائرنگ کے بعد ملزمان کو شہریوں کے چنگل سے زندہ نکال لیا۔تفصیلات کے مطابق لانڈھی کے علاقے میں واقع فائر سٹیشن کے قریب 3مسلح ملزمان نے شہری سے لوٹ مار کی کوشش کی اور فرار ہونے لگے تاہم اسی دوران شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی اور ملزمان کو گھیر کر پکڑ لیا،لاتوں،مکوں اور گھونسوں سے خوب تواضع کی اور انکو پٹرول چھڑک کرآگ لگانے کی کوشش بھی کی لیکن پولیس موقع پربروقت پہنچ گئی پولیس نے ہوائی فائرنگ کرکے مشتعل افراد کو منتشرکیا اورملزمان کو تحویل میں لینے کی کوشش کی تاہم شہریوں نے ملزمان کو زندہ پولیس کے حوالے کرنے سے انکارکردیا جس پرپولیس نے ہوائی فائرنگ کردی اورملزمان کو شدید زخمی حالت میں پہلے کورنگی 5کے سرکاری ہسپتال منتقل کیا جہاں سے مزید علاج کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔